بنگلورو،18؍اپریل(ایس او نیوز) 17489تازہ کیسو ں کے ساتھ کرناٹک میں کورونا کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ کووِڈ کیسوں کی تازہ تعداد اپنے آپ میں ایک نیا ریکارڈہے۔اس تازہ تعداد کے ساتھ کرناٹک میں جملہ متاثرین کی تعداد 11,41,998تک پہنچ گئی۔ کرناٹک میں ہفتہ کے روز 5565افراد صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے رخصت ہوئے۔ 80لوگوں کے ریاست بھر میں موت ہو جانے کی اطلاعات ہیں۔ کرناٹک میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 13270تک پہنچ چکی ہے۔ 1,19,160 افراد ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 589افراد آئی سی یو میں ہیں۔ اضلاع میں بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔شہر بنگلورو میں 11404تازہ کیس سامنے آئے ہیں، 43افراد کی موت ہوئی ہے۔ بنگلورومیں اب تک متاثرین کی تعدا د5.33لاکھ سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 5063ہو چکی ہے۔
بنگلورو کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی تازہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ اس طرف اشارہ کررہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ریاست گیر پیمانے پر سخت قدم اٹھائے جا سکتے ہیں۔کرناٹک میں ان دنوں کورونا کا جو دوسری لہر چل رہی ہے اس نے زیادہ تر نوجوانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں کے مقابل بنگلورو میں کورونا کی دوسری لہر سے متاثر ہونے والے زیادہ تر افراد کی اوسطاً عمر 15-45سال کے درمیان کی ہے۔
وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے اس رجحان کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ دوسری لہر میں اب تک متاثر ہونے والے 67298کیسوں میں 36256متاثرین کی عمر 15تا45 سال کی ہے۔ ان میں سے 19738مریض ایسے ہیں جن کی عمر 15تا29سال کی ہے، جبکہ 18853متاثرین کی عمر 30اور 45سال کے درمیان کی ہے۔البتہ شرح اموات کا اگرجائزہ لیا جائے تو ان میں زیادہ تعداد ان لوگوں کی ہے جن کی عمر 60سال یا اس سے زیادہ ہے۔ جملہ 307اموات میں سے 214کی عمر 60سال سے زیادہ ہے،76اموات ان لوگوں کی ہیں جن کی عمر 45تا 59سال ہے۔ ان اعداد سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ 45تا 60سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لئے کورونا کا خطرہ اب بھی برقرار ہے۔
ماہر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دوسری کورونا لہر میں کمسن افراد اس لئے لپیٹ میں آچکے ہیں کہ ان کا پہلی لہر کے بعد بھی گھروں سے باہر زیادہ آنا جانا برقرار تھا، جبکہ معمر افراد نے احتیاط اپنائی تھی جس کے سبب اس بار کورونا کی لپیٹ میں آنے سے وہ کافی حد تک بچ گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان نوجوانوں میں کورونا کا انکشاف ہو رہا ہے جنہوں نے ٹیسٹ کروایا ہے یا جن میں علامتیں ظاہر ہو ئی ہیں۔ ایسے اور بھی بہت سارے نوجوان کورونا سے متاثر ہو ں گے جن میں اب تک علامتیں ظاہر نہیں ہوئی ہیں یا جنہوں نے ٹیسٹ نہیں کروایا ہو۔ ان کے سبب ممکن ہے کہ وباء تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے۔